پی ڈی ایم ملتان جلسہ: حکومتی پابندی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد گھنٹہ گھر چوک پر موجود
30 نومبر 2020،
پاکستان میں 'کورونا وائرس' کی دوسری لہر میں تیزی کے باوجود حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کے لیے جلسے شروع کر دیا ہے جہاں سے اس وقت پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو کا خطاب جاری ہے اور عوام کی بڑی تعداد وہاں موجود ہے'.
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر ہونے والے اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز نے پی پی پی کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اور پی پی پی کے شریک چئیرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو اپنے گھروں سے نکل کر پاکستانیوں کے حقوق کی خاطر باہر نکلیں ہیں'۔
مریم نواز نے کہا کہ چند روز قبل اپنی دادی کے انتقال کے باوجود وہ اس جلسے میں شرکت کر رہی ہیں کیونکہ عوام کا درد ان کے ذاتی درد سے زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، پیپلزپارٹی کی چئیرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو اور دیگر قائدین ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر موجود ہیں اور تقاریر کا آغاز ہو چکا ہے'.
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کی اس جلسے میں موجودگی کو ان کے سیاسی کیریئر کا آغاز سمجھا جا رہا ہے'
واضح رہے کہ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پی ڈی ایم کو ملتان کے قاسم باغ سٹیڈیم میں جلسے کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ پی ڈی ایم جماعتیں ہر حال میں جلسے کرنے پر بضد تھی اور انھوں نے موقف اختیار کیا کہ یہ جلسہ ہر حال میں ہو گا۔
واضح رہے کہ اب تک پی ڈی ایم گوجرانوالہ، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں جلسے کر چکی ہے اور آج ان کا یہ پانچواں جلسہ ہے۔
ملتان شہر کی انتظامیہ نے گھنٹہ گھر چوک پر بھاری تعداد میں پولیس کی نفری تعینات کر کے سٹیڈیم اور گھنٹہ گھر چوک کو سیل کر دیا ہے جبکہ پولیس نے قاسم باغ سٹیڈیم کو تالے لگا دیے ہیں۔
شہر میں ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے گھنٹہ گھر چوک پر دکانیں، کاروباری مراکز اور ملتان میٹرو بس سروس بھی بند کر دی گئی ہے ۔
ملتان شہر کے داخلی راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ صرف گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت تھی۔
یاد رہے کہ حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جلسے اور جلوسوں پر پابندی لگائی تھی تاہم اس کے باوجود پی ڈی ایم نے اس سے قبل بغیر اجازت پشاور کا جلسہ بھی کیا تھا۔۔۔
Comments
Post a Comment