عدالت کی جانب سے مہلت دیے جانے کے باوجود ایس پی فائل پیش نہ کر سکے، تحریک انصاف کے چئیرمین کے وکیل خواجہ حارث نے فائل غائب کر دینے کا الزام لگا دیا-
اسلام آباد (18 مارچ 2023ء): اسلام آباد پولیس نےعمران خان کی حاضری کے دستخط والی جوڈیشل فائل گما دی ۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اسلام آباد کی عدالت میں ہفتے کے روز حاضری کے دستخط والی فائل غائب ہو گئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ظفر اقبال کی جانب سے ایس پی سمیع اللہ کو حاضری کے دستخط کروانے کیلئے فائل دے کر عمران خان کے پاس بھیجا گیا تھا۔
بعد ازاں ایس پی نے عدالت میں بیان دیا کہ شیلنگ کے دوران عمران خان کی حاضری والی دستاویزات ان سے گم ہو گئیں، اس پر عدالت نے انہیں 10 منٹ کے اندر دستاویزات پیش کرنے کا حکم دیا، تاہم ایس پی پھر بھی عمران خان کی حاضری والی دستاویزات پیش نہ کر سکے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے چئیرمین کے وکیل خواجہ حارث نے فائل غائب کر دینے کا الزام لگا دیا۔
انہوں نے کہا یہ ایس پی عدالت سے جھوٹ بول رہا ہے، عدالت ایس پی کا بیان ریکارڈ کرے۔ جبکہ حاضری شیٹ کے ساتھ کیس کی فائل بھی گم ہو جانے کا بھی انکشاف ہوا۔ اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فائل پر عمران خان کے دستخط ہو چکے میں نے کروائے اور اس کی ویڈیو میں بنی ہے، میں نے گاڑی میں بیٹھ کر آرڈر شیٹ پر دستخط کروائے، شیلنگ شروع ہونے پر میں نے فائل ایس پی کو دی۔
ایس پی عدالت کے سامنے جھوٹ بول رہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی حاضری قبول کر لی۔
عدالت کی جانب سے عمران خان کے جاری شدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے گئے، جبکہ ان کیخلاف آج فرد جرم کی کاروائی بھی نہیں ہوئی۔ اسلام آباد کی عدالت نے تحریک انصاف کے سربراہ کیخلاف فرد جرم کی کاروائی بھی موخر کر دی۔ توشہ خانہ کیس کی آئندہ سماعت 30 مارچ کو ہو گی، سماعت میں کیس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق دلائل دیے جائیں گے۔
Comments
Post a Comment