23 دسمبر 2020
ریاض: سعودی پوسٹ آفس نے اپنا نام استعمال کر کے بھیجی جانے والی جعلی ای میلز سے شہریوں کو خبردار کردیا ہے، پوسٹ آفس کے مطابق اس قسم کی ای میلز سے پوسٹ آفس کا کوئی تعلق نہیں ہے،
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکام نے شہریوں کو جعلی ای میلز سے خبردار کیا ہے اور حکام کے مطابق سعودی پوسٹ آفس کے مونو گرام کو استعمال کرتے ہوئے بھیجی جانے والی ای میلز سے پوسٹ آفس کا کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
سعودی پوسٹ آفس کی جانب سے جاری وارننگ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سعودی پوسٹ آفس کے مونو گرام پر مبنی جعلی ای میلز بعض لوگوں کو موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کا پارسل پوسٹ آفس میں پہنچ گیا ہے، آپ کی جانب سے وصولی کی یقین دہانی درکار ہے۔
پوسٹ آفس کی جانب سےمزید کہا گیا ہے کہ جعل سازوں کی جانب سے بھیجی جانے والی میلز میں مونو گرام پوسٹ آفس کا ہی استعمال کیا گیا ہے جبکہ عبارت عربی اور انگلش میں تحریر کی گئی ہے، ساتھ ہی ایک لنک بھی دیا گیا ہے جسے اوپن کرنے کا کہا جاتا ہے۔
پوسٹ آفس نے اس حوالے سے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی کسی بھی ای میل سے پوسٹ آفس کا کوئی تعلق نہیں، جو بھی ایسی میل دیکھے اسے فوری طور پر ڈیلیٹ کردے۔
خیال رہے کہ اس قسم کی ای میلز میں وائرس ہوتا ہے، جیسے ہی کوئی دیے گئے لنک کو اوپن کرتا ہے وائرس فوری طور پر اپنا کام شروع کر کے سسٹم کو ہیک کر لیتا ہے۔
Comments
Post a Comment